Wednesday, August 23, 2017

Independence Day (India)

آزادی کی آزادکہانی

ہندوستان یا  Republic of India جنوبی ایشیا میں واقع ایک ملک ہے ۔ ہندوستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے اور اس لحاظ سے یہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت بھی کہلاتی ہے۔ بھارت کے ایک ارب سے زائد باشندے ایک سو سے زائد زبانیں بولتے ہیں۔ بھارت ایک کثیر اللسانی ،مذہبی ،ثقافتی اور نسلی معاشرہ ہے۔چار مشہور مذاہب ہندومت ،بدھ مت، جین مت اور سکھ مت نے اسی ملک میں جنم لیا ۔جوہری ہتھیاروں سے لیس یہ ملک خطے کا ایک طاقتور ملک ہے۔ اس کی فوج بلحاظ تعداد دنیا کی تیسری بڑی قوت ہے اور دفاعی خرچ کے لحاظ سے یہ دنیا کی چھٹی بڑی فوج ہے۔بھارت ایک وفاقی جمہوریہ ہے جو پارلیمانی نظام کے تحت 29 ریاستوں اور 7 وفاقی علاقوں پر مشتمل ہے۔

قدیم ہندوستان  نے جدید ہندوستان کے لیے بے تحاشہ  اپنے تن ،من،دھن  کی قربانیاں دی ہیں ۔انہی قربانیوں کے نتیجے میں ہمیں آزاد ہندوستان  نصیب ہوا۔ ہندوستان 15اگست 1947کو انگریزوں سے آزاد ہوا اور 26جنوری 1950کو ہندوستان ایک جمہوری ملک بنا۔اس کی بنیا د اور آغاز  ۱۸۵۷ ء کی پہلی جنگ آزادی ہے۔

1600ءمیں تن کے گورے من کالے انگریزوں کوالزبتھ اول سے کمپنی کوہندوستان میں تجارت کا پروانہ ملا۔ چنانچہ پہلی بار ولیم باکنس ایک جہاز کے ذریعہ سورت کے بندرگاہ میں داخل ہوا اور ہندوستان پہنچا۔اس نے 1613ء میں سورت ہی میں اپنی پہلی کوٹھی قائم کی۔ پھر  سرتھامس راؤ (Sir Thomas Roe ) مغل بادشاہ جہاں گیر کی خدمت میں حاضر ہوا اور ایک درخواست کے ذریعہ اس نے شہنشاہ سے کاروباری مراعات حاصل کرلی۔مغلیہ سلطنت کے زوال میں مغل بادشاہوں، حکمرانوں اور شہزادوں کی باہمی رقابتیں  اس قدر گہری تھیں کہ عالمگیر اورنگ زیب کی وفات کے بعد عوام باہم دست و گریباں ہوگئی۔ انگریزوں نے اس اختلاف و انتشار کا خوب خوب فائدہ اٹھایا اور نواب سراج الدولہ کوشکست دے کر اولاََ بنگال پر قبضہ کیا، پھر کچھ دنوں میں مدراس اور کلکتہ پر بھی قبضہ جمالیا اوراس کے بعد حکومت کرنا شروع کردیا، بعد ازاں دھیرے دھیرے 1865ء میں پورے ہندوستان پر تسلط قائم کرلیا۔ اس کے بعد انگریزوں نے سرزمین ہندوستان پر اپنے پاؤں ایسے جمائے کہ تین سوسال تک وطن عزیز کی تمام بہاریں لوٹتے رہے اور جب یہاں سے رخصت ہوئے تو سارا ہندوستان خزاں کی زد میں تھا کہ پھر اس پر کبھی بہار نہ آئی۔

سب سے پہلے فتح علی خان ٹیپوسلطان (1313 ھ 1799 ء)انگریزوں  کی چال بھانپ گئے اور جنگ کرتے کرتے شہید ہوگئے ۔علامہ فضل حق خیر آبادی(سب سے پہلے انگریزوں کے خلاف فتوی جہاد دینے والے) اور ان کے ساتھی مفتی صدر الدین خان آزردہ، سید کفایت علی کافی اور دیگر بہت سے علماء نے دہلی کی جامع مسجد سے بیک وقت انگریزوں کے خلاف جہاد کا فتویٰ جاری کیا (علیھم الرحمۃ)۔جس کے نتیجے میں مسلمان اس جنگ کو اپنا مذہبی فریضہ سمجھتے ہوئے میدان میں اترپڑے۔

 پہلی جنگ آزادی کے محرک علامہ فیض احمد رسواؔ بدایونی،مولانا احمد اللہ مدراسی ،مفتی عنایت احمد کاکوروی، مولانا رحمت اللہ کیرانوی ،مولانا ڈاکٹر وزیر علی خاں اکبرآبادی ،مولانا وہاج الدین مرادآبادی ،مولانا امام بخش صہبائی دہلوی  اورمولانا رضا علی خاں بریلوی  رحمۃ اللہ علیھم اجمعین وغیرہ تھے ۔اسی لیے انگریزوں  نےمسلمانوں کے زبان وتعلیم کو محدود کر نے کی ناپاک کوشش کرتے ہوئے،جوش انتقام میں 1864 ء تا  1867 ء علما کو ہلاک کرنا شروع کیا۔ ایک انگریزی فوجی افسر ہنری کوٹن(Henry Cotton) نے بیان کیا ہے کہ‘‘دہلی دروازہ سے پشاور تک گرینڈ ٹرنک روڈ کے دونوں ہی جانب شاید ہی کوئی خوش قسمت درخت ہوگا جس پر انقلاب 1857 ء کے رد عمل اور اسے کچلنے کے لیے ہم نے ایک یا دو عالم دین کو پھانسی پر نہ لٹکایا ہو۔ایک اندازے کے مطابق تقریبا بائیس ہزار علما کو پھانسی دی گئی۔’’ (جنگ آزادی 1857 ء  میں علما کا مجاہدانہ کردار،ص:28 )یہ علما ء ( یعنی لیڈران) کی تعداد  ہے جبکہ لاکھوں  عام مسلمانوں کو پھانسی کی سزا دی گئی۔

دراصل پہلی جنگ آزادی نےآزادی کا ایک سنگ میل عبور کر لیا  تھا ،نتیجۃََ  اگست 1858ء میں برطانوی پارلیمنٹ نے اعلانِ ملکہ وکٹوریہ کے ذریعے ایسٹ انڈیا کمپنی کا خاتمہ کرکے ہندوستان کو تاج برطانیہ  کے سپرد کر دیا، اور وطن عزیز کو ایسٹ انڈیا کمپنی سے آزادی مل گئی۔
  
1857 کی جنگ آزادی نے پورے ملک کو قومی جذبے سے بھر دیا  ۔اس لیے  بے ہنگم ہی سہی مگر تحریک آزادی کی آگ  پورے ہندوستان میں پھیل چکی تھی ،جو گاہے بگاہے بھڑکتی رہتی تھی ۔ Indian National Congress کا قیام دسمبر 1885ء ایلن اوکٹیوین ہیومAllan Octavian Hume)) اور1906 ء میں مسلم لیگ کا قیام  آغا خان،نواب سلیم اللہ  ڈھاکہ اور محسن الملک کی قیادت میں عمل میں آیا۔دونوں قومی پارٹیوں نے الگ الگ نظریات کے باوجود آزادی کی تحریک کو زبردست فیصلہ کن اندز میں آگے بڑھایا۔
ہندوستان نے ستیہ گرہ کی کی تحریک‘ عدم تشدد کے پرچم تلے اپریل1917 ء چمپارن اور 1918 ء کھیڑا میں کسانوں پر ظلم کے خلاف  آواز بلند کی۔1919 ء میں رولٹ ایکٹ جو سیاسی جد جہد کو روکنے کے لیے بنایا گیا تھا، اسی کے خلاف ستیہ گرہ کی تیاریاں چل  ہی رہی تھیں  کہ انہی دنوں جلیان والا باغ کا قتل عام پیش آیا۔ جس نے  شمالی ہند   میں آزادی کے متوالوں میں اور جوش بھر دیا۔1920 ء میں تحریک خلافت اور(Non-Cooperation Movement)असहयोग आंदोलन کا قیام ہوا۔جس کے سبب  انگریز حکومت بوکھلا گئی۔ ہندوستان نے دسمبر1929 ء  میں(Complete independence) पूर्ण स्वराज کی مانگ کی۔با لآخر 8 اگست1942 ء   کو بمبئی (گوالیہ ٹینک)سے (Movement Quit India)بھارت چھوڑو تحریک‘‘کرو یا مرو ’’ کے نعرہ  کے ساتھ  اِس جوش اور ولولے کے ساتھ  چلایا گیاکہ14 اور 15 اگست، 1947ء کو برطانوی ہندوستانی سلطنت نے آزادیٔ ہند ایکٹ پاس کر دیا۔
تحریک آزادی کے عظیم قائدین میں ،موہن داس کرمچند گاندھی جی،محمد علی جناح، جوہر علی ،شوکت علی،جواہر لعل نہرو ولبھ بھائی پٹیل ،راجندرہ پرساد، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر،خان عبدلاغفار خان، ابولاکلام آزاد اور مولانا حسرت موہانی وغیرہ تھے۔
 تحریک آزادئی ہند میں مسلمانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور یہ فطری تھا ،اس لیے کہ انگریزوں نے دھوکہ دے کر حکومت مسلمانوں سے چھینی تھی ۔ مگر کیا کیجیے! ہماری غفلتوں اور حکومتوں کے تعصب کے سبب جو مسلم لیگ اور کانگریس میں شامل ہو کر جد جہد کر رہے تھے ،ان کا تو  نام  کہیں کسی تحریر وتقریر میں دیکھنے کو ملتا ہی نہیں،مسلم لیگ اور کانگریس کے علاوہ جو  مسلمان جنگ آزادی میں شریک تھے اُن کا  تذکر ہ بھلا کیونکر ممکن ہےمثلا مولانا حسرت موہانی ،اور وہ مسلمان جو سبھاس چندر  بوس کے ساتھ ‘‘ آزاد فوج ہند ’’ میں شریک تھے وغیرہ ۔واضح رہےتمام   مسلم لیڈران اور مسلمانوں نے نہ تو مسلم لیگ کی حمایت نہیں کی تھی اور نہ تقسیم ہند کو قبول کیا تھا ۔شاید یہی سبب ہے کہ آج بھی آل انڈیا یونین مسلم لیگ پارٹی  ہے اور کیرالہ حکومت سازی میں برابر کی شریک رہ چکی ہے۔تین فروری ۲۰۱۷ کو  اسی پارٹی کے لوک سبھا ممبر ای احمد کا بجٹ سیشن کے دوران طبیعت بگڑنے کے سبب اسپتال میں انتقال ہو گیا تھا۔مسلمانوں کو  چاہیے کہ اپنے آبا ء و اجداد کو تاریخ ہند کے تناظر میں ضرور پڑھیں اور اپنی آئندہ نسلوں کو بھی  اس جانب راغب کریں ۔ورنہ ہم تاریخ بھلا کر  خود کوتاریخی  تباہی سے نہیں بچا سکیں گے۔

آج ہم 71واں یوم آزادی منا رہے ہیں ۔ یہ ہندوستان کے لیے خود احتسابی کا دن  ہے کہ آزادی کے71 سال بعد بھی ہم نیشنلزم پہ بحث کر رہے ہیں۔ملک میں انارکی پھیلتی جا رہی ہے ۔ فی الحال ہندوستان کی معیشت عمومی GDP (گھریلو پیداوار)کے لحاظ سے ساتویں بڑی اور قوت خرید یعنیPurchasing power parity (PPP)) کے لحاظ سے تیسری بڑی معیشت ہے۔1991 ء کے معاشی اصلاحات نے اسے دنیا کی تیزی سے ابھرتی معیشتوں میں لا کھڑا کیا ہے اور یہ تقریباً صنعتی ملک کا درجہ حاصل کرنے والا ہے۔بہر حال اس کے باوجود یہ ملک غربت ،کرپشن،خوراک ، صحت، لو جہاد ،گئو رکشا ،طلاق ثلاثہ،کشمیر اور آج کل بنگال میں اقلیتی لڑکیوں کو منظم طور پر پھنسا کر شدھی کرن نیز فرقہ وارانہ فساد جیسے زہر آلودمسائل کا شکار ہے۔کہیں بھی سینا کے نام پر اکٹھا بھیڑ گئو رکشا کے بہانے اقلیتوں کو موت کے گھاٹ اتار تی جا رہی ہے  اسی لیے ہر طرف ملک میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ملک  سب سے بڑی اقلیت، مسلمانوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتاجا رہا ہے ۔ مگر موجودہ حکومت اپنے وعدوں  سےمنھ چرا  رہی ہے اور  نا ن ایشو کو ایشو بنا نے میں لگی ہوئی ہے۔ایسے میں مسلمانوں کو جوش سے کم ،ہوش سے زیادہ کام لینے کی ضرورت ہے۔مسلم دانشوران اورعلما ء  کو مل کر قیادت کی ذمہ داری سنبھالنی چاہیے۔ورنہ مسائل گھٹنے کے بجائے بڑھتے ہی رہیں گے۔‘اس دور میں تعلیم ہے امراض ملت کی دوا’سیاسی،سماجی ،معاشی اور تمام مسائل کا حل تعلیم ہی ہے۔اس لیےحکومتوں سے ہمارا مطالبہ یقینی تحفظ کے ساتھ ساتھ اقلیتی تعلیمی اداروں کا قیام ہونا  چاہیے۔۔۔ع
'آدھی روٹی کھائیے ،بچوں کو پڑھائیے."

مبین احمدجامعی ،اہرولی،امبیڈکرنگر،یوپی
+917618049339

Monday, May 22, 2017

Al-Jame-atul-Islamia

الجامعۃ الاسلامیہ ،روناہی:ایک تعارف


مذہب اسلام اپنے دامن پُربہار میں مکمل نظام حیات رکھتا ہے۔ جو قرآن و حدیث اور فقہ اسلامی کی صورت میں ہمارے سامنے موجود ہے۔ جن کا حصول، تمام مسلمانوں پر بقدر ضرورت فرض ہے ۔اسی نیک مقصد کی خاطر دینی مدارس کا وجود عمل میں آیا۔ جن میں مسلمان بچوں کو بااخلاق ،امن پسند ،مہذب شہری،قوم و ملت کا سچا خادم ، دین دار عالم ،خدا  اس کے  رسول ﷺ اور بندوں کے حقوق کا آشنا اور کامیاب انسان بنایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں ’’ الجامعۃ الاسلامیہ‘‘ تقریبا چھ دہائی سے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

تبت کے جھیل ’مانسرو‘ کے قریب سے نکل کر ’کَرْنالی ‘ ندی نیپال میں ہمالیہ سے بہتے ہوئے برہما گھاٹ ،بھارت کے مقام پر دریائے شاردا سے مل کر دریائے گھاگھرا میں تبدیل ہو جاتی ہے ۔ 315 میل طویل یہ دریا نیپال کی سب سے بڑی ندی ہے ۔ آیودھیا میں’’ سریو‘‘کہلاتی ہے پھردریائے گنگا میں مل جاتی ہے ۔ اسی دریائے گھاگھرا کے کنارے ملک کی یہ عظیم دینی درسگاہ، الجامعۃ الاسلامیہ شمالی ہند کے صوبہ ’اتر پردیش‘ کے قدیم ترین شہر فیض آباد سے تقریبا 18 کلو میٹر دور قصبہ روناہی میں لکھنؤ فیض آباد شاہراہ پر واقع ہے ۔جس کا قیام 1964ء میں مفکر اسلام حضرت علامہ قمر الزماں خان اعظمی (جنرل سیکریٹری ، عالمی تنظیم ’ورلڈ اسلامک مشن لندن‘) کی قیادت اور سربراہی میں مقامی مخلص حضرات خصوصا سید محفوظ الرحمن صاحب کے تعاون سے ہوا۔ 

یہ ادارہ مفکر اسلام کی سر پرستی و نگرانی اورحضرت قاری جلال الدین صاحب حفظہ اللہ تعالیٰ کی کاو شِ فکری اور دن را ت کی انہماک نیز ارکان، و اساتذۂ کرام کی پر خلوص خدمات کا نتیجہ ہے کہ اس عظیم ادارے نے قلیل مدت میں زبردست دینی و ملی اور علمی کارنامہ انجام دیاہے۔چنانچہ اس کے فارغین علما،فضلا ،حفاظ وقراء، ہند و بیرون ہند یعنی امریکہ ،برطانیہ ،ہالینڈ کے علاوہ بر اعظم افریقہ اور عرب کے ممالک میں دینی ،سماجی اور معاشی قیادت سے قوم و ملت کی نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں نظم ’مدرسہ‘ https://abirti.blogspot.com/2020/03/nazm-madarsa.html

الجامعۃ الاسلامیہ کا نصابِ تعلیم لکھنؤ بورڈ کے نصابِ تعلیم سے ہم آہنگ نیز وقتا فوقتا ماہر دانشورانِ قوم اور بزرگ علما کے ذریعہ جامعہ کا ’نصاب بورڈ‘ ترجیحی طور پر، ترمیمات کرتارہتا ہے ۔تاکہ طلبہ آئینِ ہند ،موجودہ سیاسی اور معاشی نظام کو بخوبی سمجھ سکیں،نیز جدید ٹکنا لوجی کی وساطت سے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ساتھ ساتھ نیو میڈیا کا استعمال ملک و قوم کے فلاح و بہبودکے لیے کر سکیں۔یہاں طلبہ کے لیے سید محفوظ الرحمن لائبریری ،کمپیوٹر لیب،ہاسٹل ،نیز کھیل میدان ہے ۔ 

پورے ہندوستان سے طلبہ یہاں علم کی پیاس بجھانے کے لیے دیوانہ وار آتے ہیں ۔طلبہ کے لیے درس نظامی ،شعبہ حفظ، شعبہ قرأت ، شعبہ افتاء،شعبہ دعوت و تبلیغ ( قرب و جوار میں سرگرم طلبہ کی تنظیم) اور شعبہ نشر و اشاعت میں طلبہ کی صحافتی استعداد کو مہمیز دینے کے لیے جامعہ کا ’’الجامعہ ‘‘ماہنامہ ایک لمبے عرصے سے قوم کی سچی خدمت کرتے ہوئے جاری و ساری ہے۔طلبہ، اساتذہ کی نگرانی میں تقریری تربیتی ہفتہ واری پروگرام اور اچھوتے موضوعات پہ مذاکرہ ،مباحثہ کرتے رہتے ہیں ۔یہ مذاکرہ بہت خوب ہوتا ہے ۔2009-10 میں یہ کافی دلچسپ ہوتا تھا، نیزسالانہ تقریری ،تحریری مقابلہ آرائی ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں ’خودی کا اثر، نعمان خاں رحمہ اللہ https://abirti.blogspot.com/2019/10/blog-post.html

مختلف محفل اور مختلف موضو عات پہ لیکچر یعنی توسعی خطبہ کے ذریعہ طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے رغبت دلائی جاتی ہے ۔خاص بات یہ ہے کہ یہاں طلبہ کا ذہن مثبت اورنہایت صاف و شفاف بنائے رکھنے کی مسلسل کوشش رہتی ہے ۔ طلبہ میں Tolerance دوسر وں کو قبول کرنے، ان کی بات ،خیال کو سن کر ان کی مخلصانہ رہنمائی کرنے کا خوگر بنایا جاتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں کے فارغین صرف ’’اتحاد زندگی ہے اور اختلاف موت‘‘ کو ذہن میں رکھ کر’’زمین کے اوپر کام اور زمین کے نیچے آرام‘‘کرنا چاہتے ہیں ۔اختلافات میں نہ تو الجھتے ہیں اور نہ ہی انھیں ہوا دیتے ہیں ۔اختلافات سے قطعی طور پر دور رہتے ہیں۔وطن عزیز میں مذہبی اور سماجی امن و آشتی کے لیے شبانہ روز کوشاں رہتے ہیں۔


اللہ کے رسول ﷺ کا فرمان کہ علم حاصل کرو اگرچہ تمہیں چین جانا پڑے ۔اگر اس حدیث سے علم دین مراد ہے تو وہ صحابہ کے پا س پہلے ہی سے موجود تھا ۔اسی لیے یہ فکر الجامعۃ الاسلامیہ کے درو دیوار میں سیمینٹ کی طرح پیوست ہے کہ دین عمل کا نام ہے ، اسے محض علم و فن سے تعبیر کرنا ایک خطا ہے۔ پس ،ہندوستان کی مختلف یونور سٹیز مثلا ہمدر،علی گڑھ مسلم یونورسٹی نیز الازہر قاہرہ سے الجامعۃ الاسلامیہ کامعادلہ ہے اور طلبہ نئے جوش و جزبہ سے ان مقامات پہ پہنچ رہے ہیں اور اپنی تعلیمی سفر کو منزلِ مقصود سے ہمکنار بنا رہے ہیں۔


یہ بھی پڑھیں ’حضور بڑے مفتی صاحب قبلہ روناہی‘https://abirti.blogspot.com/2019/12/blog-post.html

ملک کی عظیم دینی درسگاہ ،الجامعۃ الاسلامیہ ،یہ ایسا منفرد ،ادارہ ہے کہ جسے مدارس کی دنیا میں یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں کے سابق پرنسپل حضرت علامہ نعمان خاں اعظمی علیہ الرحمہ کو دو حکومتی ایوارڈ ایک صدر جمہوریہ ہند اوردوسرا ،اتر پردیش حکومت کے ہا تھوں سے اپنی’’پرنسپل کی ذمہ داری‘‘کو ذمہ داری سے نبھانے کے سبب حاصل ہوا۔ روناہی قصبہ کے لوگ اور اساتذۂ کرام بیان کرتے ہیں کہ اگر کوئی مدرس ایک منٹ تاخیر سے آتا تو اُسے بھی وہ رجسٹر میں لکھ دیا کرتے تھے۔جب تک وہ رہے کسی کلرک کی کوئی ضرورت کبھی محسوس نہ ہوئی ۔وہ بذات خود اس ذمہ داری کو نبھاتے رہے۔مزید یہ کہ وہ سرکاری کوٹے سے مٹی کا تیل اور راشن حاصل کرتے رہے ۔یہی وجہ ہے کہ ان کے دور کے طلبہ انھیں یا د کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ہم جس کی فرمائش کرتے تھے ہمیں کھانے میں وہی ملتا تھا۔وقت کے سخت پابند تھے۔تمام طلبہ کو ایسے پہچانتے تھے جیسے ماں اپنی اولاد کو پہچانتی ہے۔حضرت کپڑے ،ٹوپی ،پاجامہ،لنگی ،بال،چپل اور چلنے کے انداز سے طلبہ کو پہچان لیا کرتے تھے۔ 

الجامعۃ الاسلامیہ میں پرائمری سکول ہے ۔ جس میں سیکڑوں غریب بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں ۔اب یہ پرائمری شعبہ شاہراہ ترقی پہ گامزن ہے۔ یعنی اس کے لیے نئی بلڈگیں زیر تعمیر ہیں اور تقریبا شرمندۂ تعبیر ہونے کو ہیں ۔لہٰذا پوری ملت اسلامیہ سے گزارش ہے کہ اپنا تعا ون جاری رکھیں اور دوسروں کو بھی اس جانب توجہ دلائیں اور بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ تمام وابستگا ن کو اللہ رب العزت اجرِ عظیم عطا فرمائے ۔آمین

یہ بھی پرھیں ’تعلیم: بدحالی کا حل‘ https://abirti.blogspot.com/2017/05/blog-post.html
@MobeenJamei
+917618049339
👇...دیکھیے! نظم "کر دو غوث کرم خدارا

Naat and Urdu literature


نعتیہ شاعری اور اردو ادب  


عصرِ حاضر میں اردو پرچے اور رسائل قارئین کی کمی کے سبب گھٹتے جا رہے ہیں لہٰذا اردو مسائل بھی بڑھتے جا رہے ہیں نیز اردو کے پاؤں تلے اقتصادی زمین کھسکتی جا رہی ہے۔ وہ دن دور نہیں جب عام کسانوں کی طرح اردو کے محنت  کشوں کی بھی اپنے اپنے دفاتر، دکانوں اور پریس میں پھانسی لگا کر خود کشی کرنے کی خبریں برابر آنے لگیں گی۔ کہیں ایسا ہو نہ ہو، اگریہی زبوں حالی رہی تو کم از کم شمالی ہندوستان (یوپی) میں ایسا ضرور ہوگا۔ 

شہزاد پور، امبیڈکر نگر (یوپی) میں ایک پرانی دوکان ’حیات بک ڈپو‘ ہے۔ آج سے تقریباً آٹھ، دس برس پہلے یہاں بہت زیادہ نہیں تاہم خاطر خواہ گاہک نظر آتے تھے لیکن اب یہاں اکثر اوقات سناٹا رہتا ہے۔ ماہانہ اردو رسائل جیسے آتے ہیں ویسے ہی پڑے رہتے ہیں، کوئی خریدار ہی نہیں ملتا۔ یہی وجہ ہے کہ اب وہاں دو چند جریدے اور ماہنا مے ہی آتے ہیں، وہ بھی فروخت نہیں ہو پاتے۔ اسی لیے بسا اوقات اردو محبین کے لیے یہ شدید تکلیف کا باعث بھی ہوتا ہے۔ موجودہ دور کا المیہ یہ ہے کہ ہمارے اداروں میں مہنگے مہنگے سیمینار، مشاعرے تو خوب ہوتے ہیں مگر پرائمری کی سطح پر اساتذہ کا انتظام نہیں ہو پاتا... کیونکہ یہ محض حکومت کی ذمہ داری ہے سیمینار اور مشاعرے کرنے والوں کی نہیں جبکہ موجودہ نسل کی اردو زبان سے اس قدر نا آ شنائی ہے کہ اب سخت ضرورت آن پہنچی ہے کہ اردو کے لیے جنگی پیمانے پر ذاتی اور اجتماعی سطح پر کوئی ایسا لائحہ عمل تیار کیا جائے جس کے ذریعے نئی نسل کو اردو زبان سے جوڑا جائے۔ خوب واضح رہے کہ جنگ میں کبھی یہ نہیں دیکھا جاتا کہ حکومتی امداد کتنی مل رہی ہے بلکہ جسم و جان کی تمام تر توجہ صرف اور صرف ہدف یعنی دشمن پر ہوتی ہے۔ 

 ’سورۂ رحمٰن کا منظوم اردو ترجمہ‘https://abirti.blogspot.com/2020/04/surah-ar-rahman-translation-in-urdu.html

آج کے دور انحطاط میں بھی مذہبی شاعری پر اگر ذرا توجہ کریں تو حقیقی مذہبی تعلیمات کو اردو شاعری میں پہنچا کر وطن عزیز ہند سمیت بر صغیر میں اردو کی عظمت رفتہ بحال ہوسکتی ہے۔ ساتھ ہی ان انسان دشمن عناصر کے حوصلے بے جان پڑ جائیں گے جو مذہبی پیغامات کو غلط طریقے سے پہنچا کر ظلم و تشدد کا بازار گرم کرنے پر تُلے رہتے ہیں۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ ہندوستانی سماج میں آج بھی مذہبی شاعری کی جارہی ہے اور عوام کو زباں زد بھی ہے لیکن یہ کد و کاوش اہم ادبی دھارے کا حصہ نہ بن پانے کی وجہ سے اپنی موت آپ مری جا رہی ہے۔

مسلمانوں میں مذہبی شاعری کے اصنافِ سخن حمد، نعت، منقبت ہیں جبکہ ہندو سماج میں گیت، بھجن وغیرہ ہیں جبکہ سکھ میں شبد ہے۔ اردو ادب کی موجودہ تاریخ میں دو چند شعراء کا ہی ذکر اردو نظم کے دیگر اصنا فِ سخن کے ذیلی تذکرے میں جزوی طور پر مذہبی شاعری (نعتیہ شاعری) کے حوالے سے ملتا ہے ورنہ در حقیقت یہ ادب کا حصہ ہی نہیں معلوم پڑتا۔ یہ اور بات ہے کہ اردو زبان کا وجود، جمال و کمال اور جھنکار صوفیاء کی مرہون منت ہے۔ بعض شعراء کے قصیدے، مرثیہ نعتیں اور اہلبیت کی شان میں کہی گئی منقبتیں (مرثیہ) وغیرہ اردو ادب کا حصہ ہیں مگر اُنہی بحر و بر میں دوسرے بہتیرے اہم شعرا ء کے کلام سے مجرمانہ چشم پوشی کرتے ہوئے انہیں نظر انداز کیا گیا ہے، مثلََاامام احمد رضاؔ محدث بریلوی علیہ الرحمہ کا مکمل دیوان’حدائقِ بخشش‘ نعتیہ شاعری کے لیے مشہور ہے جبکہ اِسی دیوان میں قصیدہ کی صنف موجو ہے اورقصیدہ معراجیہ اور قصیدہ نوریہ ہیں جو فنی لحاظ سے بہت ہی اہم ہیں مگریہ اردو ادب کا حصہ نہیں ہیں۔ 

جان ہے عشقِ مصطفےٰروز فزوں کرے خدا​
جس کو ہو درد کا مزہ نازِ دوا اٹھائے کیوں​_​رضؔا
مبلغ اسلام علامہ عبد العلیم میرٹھی رحمہ اللہ کی منقبت در شان رضؔا_اسماعیل میرٹھی، مبلغ اسلام کے عم محترم ہیں۔

رضؔا کی طرح سید شاہ برکت اللہ مارہرویؒ پیؔم پرکاش عشؔقی مارہرری(آپ عربی اور فارسی کے علاوہ اردو (ہندوی، ریختہ) اور سنسکرت پر بھی عبور رکھتے تھے۔)، اشرفی میاں کچھوچھیؒ، حسؔن رضا خاں بریلویؒ، بیؔدم شاہ وارثیؒ، مصطفیٰ رضا خاں نوؔریؒ، حضرت آسیؔ اور سید آلِ رسول حسنین میاں نظؔمی مارہرویؒ وغیرہ ایک فہرست ہے جنھیں بالکل نظر انداز کیا گیا ہے۔ ادب کے چند جغادری جن کی کُل پونجی سرقے بازی اور چاپلوسی کی اعلیٰ منزل پر پہنچ کر حکومت کے تلوے چاٹنا ہے...جو نہ تو ادب کے سچے خیرخواہ ہیں نہ ہی زبان کے‘ جن کی کوتاہ نظری پر آج بھی اولے پڑرہے ہیں...آخر وہ اس جانب کیوں متوجہ ہوں! اگر یہ بات غلط ہے تو یہ ریاستوں میں پرائمری سطح پر اردو چلانے اور کیندریہ ودیالیہ کے نصاب میں اردو داخل کرنے لیے تحریک کیوں نہیں چلاتے؟  

پڑھیں، نظم میگی کورونا https://abirti.blogspot.com/2020/03/nazm-maggi-corona.html

یہی حال نثر کا ہے فاضل بریلویؒ، یارخاں نعیمیؒ، ملک العلماء ظفر الدین بہاریؒ، مولانا بدرالدین قادریؒ گورکھپوری، علامہ عبد المصطفیٰ اعظمی سمیت متعدد صوفی علماء نے سیکڑوں کتابیں مختفلف موضوعات پر تصنیف کی ہیں جن میں فتاویٰ کے علاوہ علم جفر، سائنس، تاریخ اور خطوط نویسی موجود ہیں۔ ابھی تک جتنے اسماء آپ کی نظروں سے گذرے ہیں ان میں بعض سر سید اور شبلیؔ نعمانی کے ہم عصر بھی ہیں تاہم ان کا ادب اب تک نا قابل قبول ہی ہے۔  

نعت  اور غزل میں فرق یہ ہے کہ نعت میں محبوب متعین ہوتا ہے مگر معنویت میں کئی بار نعت کے اشعار غزل سے کہیں اعلیٰ درجے کے ہوتے ہیں مثلاً؎ 

وہ سوئے لالہ زار پھرتے ہیں 
تیرے دن اے بہار پھرتے ہیں

بے نشانوں کا نشاں مٹتا نہیں 
مٹتے مٹتے نام ہو ہی جائے گا

اے رضؔا ہر کام کا اک وقت ہے 
دل کو بھی آرام ہو ہی جائے گا

کچھ ایسا کر دے میرے کردگار آنکھوں میں
ہمیشه نقش رہے روۓ یار آنکھوں میں
مصطفیٰ رضا خاں نورؔی

ساری دنیا کی نگاہوں سے گرا ہے بیدؔم 
تب کہیں جا کے تیرے دل میں جگہ پائی ہے

بعض نعت گو شعراء کو اردو ادب کے نصاب میں شامل کیا گیا ہے جیسے محؔسن کاکوروی اور حالیؔ (حالیؔ نے دیگر اصناف میں  بھی شعرگوئی کی ہے) وغیرہ۔ مذہبی شاعری کا ایک عجیب اور پرشکوہ پہلو یہ بھی ہے کہ بعض ایسے بھی شعرا ہیں جن کے کلام کو کسی خاص صنف کا نام نہیں دیا جا سکتا گو کہ وہ نعت کے طور پر مشہور ہیں جنہیں خانقاہی زبان میں معرفتی کلام کہا جا تا ہے۔ کم از کم ان کا مطالعہ ادب کے بطور بہر کیف! ممکن ہے لہٰذ انھیں پڑھا اور پڑھایا جانا چاہیے؎ 

بے خُود کِیے دیتے ہیں اَندازِ حِجَابَانَہ​
آ دِل میں تُجھے رکھ لُوں اے جلوہ جَانَانَہ​
کِیوں آنکھ مِلائی تِھی کیوں آگ لگائی تِھی​
اب رُخ کو چُھپا بیٹھے کر کے مُجھے دِیوانہ​
جاناں تُجھے مِلنے کی تدبِیر یہ سوچِی ہے​
ہم دِل میں بنا لیں گے چھوٹا سا صنم خانہ​
بیدمؔ میری قِسمت میں سجدے ہیں اُسِی دّر کے​
چُھوٹا ہے نہ چُھوٹے گا سنگِ درِّ جَانَانَہ​

یہ معرفتی کلام کے اشعار ہیں۔ اگر کوئی شعر و سخن کا فہم رکھتا ہے تو اس کا مطلع اتنا اچھا ہے کہ کئی دنوں تک اندر سے طبیعت ہری بھری اور مزاج ہشاش بشاش رہے گا؎ 

جِی چاہتا ہے تحفے میں بھِیجُوں اُنہیں آنکھیں​
​درشن کا تو درشن ہو نذرانے کا نذرانَہ​

...آپ تخیل دیکھیے! کس درجے کا ہے...درشن کا تو درشن ہو نذرانے کا نذرانَہ​

بیدؔم کا یہ کلام کوئی بھی چشتی (قوالی) محفل ہو تو ضرور پڑھا جاتا ہےجبکہ نعت کی محفل میں بھی یہ کثرت سے پڑھا اور سنا جاتا ہے۔ 


اکثر اردو کی محفلوں سے یہ صدائے گریہ بلند ہوتی ہے کہ اردو پر الزام ہے کہ یہ طوائفوں کی زبان ہے، اسے علم و سائنس کی زبان بنانے کی سمت میں کام ہونا چاہیے۔ جن شخصیات کا ذکر گذرا اگر انہی کی کتابیں شامل نصاب کر لی جائیں تو یہ الزام بے بنیاد ہو جائے گا۔ بہر حال؛ ضرورت اس بات کی ہے کہ مذہبی شاعری کی توسیع کے ساتھ ادب کے دامن کو وسیع تر سے وسیع ترین کیا جائے اور سب سے اہم؛ اردو ادب کا مطالعہ ایک بار اس حیثیت سے کیا جائے کہ کیوں انورا جلال پوری نے گیتا کا اردو شعری ترجمہ کرنے کے بعد اسے دیوناگری رسم الخط میں شائع کیا؟ ایک وجہ تو یہ ہے کہ اردو میں کتابیں فروخت ہی نہیں ہوتیں۔ دوسری وجہ آپ کہہ سکتے ہیں کہ چونکہ گیتا ہے تو اسے زیادہ ہندو سماج پڑھے گا۔۔۔مگر کام تو اردو ادب کا ہے!...مثنوی مولانا روم کے بارے میں اردو ادب کے جغادریوں کا کیا خیال ہے؟ جس کی آب و تاب آج بھی نصف النہار پر ہے۔ کیا وہ مذہبی ہونے کا ٹیگ دے کر اسے بھی خارج کر سکتے ہیں؟ واضح ہو کہ یہ مثنوی عالمی ادب میں دولہے کی حیثیت رکھتی ہے۔ 

چلو سچ بولنے والوں سے رشتہ کر لیا جائے 
خود اپنے آپ کو دنیا میں تنہا کر لیا جائے
انوؔر جلال پوری

سچی بات یہ ہے کہ اگر اردو ادب کا یہی رویہ رہا تو دھیرے دھیرے رسم الخط بدلتا جائے گا اور جس زبان کا اپنا رسم الخط نہ ہو بالآخر اس کو ایک دن گمنامی کی موت مرنا ہی ہوتا ہے۔ ایسی کئی مثالیں بھی دنیا میں دستیاب ہیں۔ کیا اردو ادب کو ہتھیا لیا گیا ہے؟ آخر اردو ادب اتنا تنگ دل اور کم ظرف کیوں ہے؟ اور اس پرچند ہی اشخاص کی اجارہ داری کیوں ہے اور کب تک رہے گی؟ نیز اردوکے تمام خدمتگاروں کو برابر کا حق کب ملے گا؟ 

@MobeenJamei
mobeenahmad.abirti@gmail.com
+917618049339
Watch Nazm 'Kar Do Ghaus Karam Khudra!'

Saturday, May 20, 2017

Education and Muslim

تعلیم :بد حالی کا حل


یہ بھی پڑھیں،’ کیوں ڈراتے ہو!‘https://abirti.blogspot.com/2019/12/blog-post_19.html?m=1

موجودہ حالات سے نمٹنے کے لیے آپ کے پاس کیا حل ہے؟ جس طرح سے پورے ہندوستان بالخصوص جھارکھنڈ سے کبھی گائے کے نام پر توکبھی بچہ چوری کے نام پرجھوٹے شک کی وجہ سے سوشل میڈیا پہ مظلوم مسلمانوں کی تصویریں اور ویڈیوز وائرل کیے جا رہے ہیں کہیں آپ ان پر جذباتی ردعمل سے مشتعل ہو کر جوش میں ہوش کھو دینے والی بات تو نہیں کر رہے ہیں؟ صورتحال سنگین ہے۔ تصویریں دیکھ کر کلیجہ منھ کو آتا ہےمگر اندھیرے کو اندھیرا نہیں کاٹ سکتا۔ 

یہ بھی پڑھیں، الجامعۃ الاسلامیہ روناہی: ایک تعارف

یہ ایک تاریخی حقیقت ہے کہ اقلیتیں اسی وقت اپنے وجود کا تحفظ کر پائی ہیں جب انہوں نے اکثریت سے بڑھ کر صلاحتیں پیدا کی ہیں اور  فی الحال ہم محض دو فیصد سے بھی کم صلاحیت پیدا کر رہے ہیں۔ہمیں آبادی کے تناسب سے بڑھ کر یعنی تقریبا 25یا 35 فیصد اعلیٰ صلاحیت پیدا کرنی ہے۔ وطن عزیز ہندوستان کو ترقیاتی سرخاب کے پر صرف مسلمان ہی لگا سکتے ہیں اور اب ہمیں ہی یہ وطن بچانا ہے۔ دوبارہ اسے "سونے کی چڑیا" بنانا ہے۔ یہ حقیقت حرز جاں بنائے رکھیے کہ اس دور  میں صرف تعلیم ہی امراض ملت کی دوا ہے۔ سوائے اس کے اور کوئی حل نہیں ہے۔ لاکھ ہمیں نئے نئے مسائل میں الجھایا جائے، ہماری توجہ تعلیم سے بالکل نہیں ہٹنی چاہیے اس لیے کہ ہمہ جہت ترقی صرف تعلیم سے ممکن ہے۔ اگر ہم جذباتی ہوں گے تو ہر طرح سے نقصان ہمارا ہی ہوگا جیسا کہ اب تک ہوتا آیا ہے۔ ہماری اسی کمزوری کا ہمیشہ فائدہ اٹھایا جاتا ہے۔ ہمیں پروپیگنڈا کر کے بھڑکایا جاتا ہے۔ اس لیے خیال رہے کہ ہر جان قیمتی ہے،اور ہمیں بس ان حالات سے خود کو اور  پوری قوم کو نکال کر لے جانا ہے۔ اس دور میں ایسی ہی قیادت کی ضرورت ہے۔ اگر آپ اس کے لیے تیار ہیں تب تو ٹھیک ہے ورنہ مسائل یونہی بڑھتے رہیں گے جن کا کوئی حل نہیں ہوگا۔ عزت نفس یونہی سر بازار نیلام ہوتی رہے گی اور ایک دن ہم بالکل بے حس ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں، ’آخری فتویٰ‘https://abirti.blogspot.com/2019/12/blog-post_21.html?m=1

یہ بھی پڑھیں ’ہائے رے! علماء  https://abirti.blogspot.com/2020/04/73-10-19.html?m=1

@MobeenJamei
mobeenahmad.abirti@gmail.com
+917618049339
.دیکھیے! نظم "کر دو غوث کرم خدارا https://youtu.be/HHffMy4TB4U